|
صحیح بخاری -> کتاب الوصایا
باب : اللہ تعالیٰ کا سورۃ بقرہ میں یہ فرمانا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے لوگ یتیموں کے بارے میں پوچھتے ہیں

تشریح : حضرت امام بخاری رحمہ اللہ کا قول وقال لنا سلیمان حدثنا حماد الخ یہ حدیث موصول ہے معلق نہیں ہے کیونکہ سلیمان بن حرب امام بخاری رحمہ اللہ کے شیوخ میں سے ہیں اور تعجب ہے عینی سے کہ انہوں نے حافظ ابن حجرپر یہ اعتراض جمایا کہ اس حدیث کا موصول کرنا کسی لفظ سے نہیں پایا جاتا حالانکہ اس میں صاف قال لناکے لفظ سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت امام بخاری نے سلیمان سے سنا اور یہ امام بخاری کا کمال احتیاط ہے کہ انہوں نے ایسے مقاما ت پر حدثنا یا اخبرنا کا لفظ استعمال نہیں فرمایا کیونکہ سلیمان نے امام بخاری کو یہ روایت بطور تحدیث کے نہ سنائی ہوگی بلکہ وہ کسی اور سے مخاطب ہوں گے اور امام بخاری نے سن لیا ہوگا ( وحیدی )
حدیث موصول یا متصل و معلق کی تعریف شیخ عبدالحق محدث دہلوی کے لفظوں میں یہ ہے۔ فان لم یسقط راومن الرواۃ من البین فالحدیث متصل ویسمی عدم السقوط اتصالا وان سقط واحداواکثر فالحدیث منقطع وھذا السقوط انقطاع والسقوط اما ان یکون من اول السند ویسمی معلقاً وھذا الاسقاط تعلیقاً والساقط قد یکون واحداو قد یکون اکثر وقد یحذف تمام السند کماہو عادۃ المصنفین یقولون قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم والتعلیقات کثیرۃ فی تراجم صحیح البخاری ولھا حکم الا تصال لا نہ التزم فی ھذا الکتاب ان لایاتی الا بالصحیح ( مقدمۃ مشکٰوۃ ) یعنی سند کے راویوں میں سے کوئی راوی ساقط نہ ہو‘ اس حدیث کو متصل ( یاموصول ) کہیں گے اور اس عدم سقوط کو دوسرا نام اتصال کا دیا گیا ہے اور اگر کوئی ایک راوی یا زیادہ ساقط ہوں پس وہ حدیث منقطع ہے اس سقوط کو انقطاع کہتے ہیں۔ کبھی سقوط راوی سند میں سے ہوتا ہے‘ ایسی حدیث کو معلق کہتے ہیں اور اس اسقاط کو تعلیق کہتے ہیں‘ ساقط کبھی ایک راوی ہوتاہے کبھی زیادہ جیسا کہ مصّنفین کی عادت ہے کہ وہ بغیر سند بیان کئے قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہہ دیتے ہیں اور اس قسم کی تعلیقات صحیح بخاری کے ابواب میں بکثرت ہیں اور ان سب کے لئے اتصال ہی کا حکم ہے کیونکہ حضرت امام بخاری رحمہ اللہ نے التزام کیا ہوا ہے کہ وہ اس کتاب میں صرف صحیح احادیث و آثار ہی کو نقل کریں گے۔
ترجمۃ الباب میں مذکورہ آیت شریفہ ( ويسئلونک عن اليتمي ) ( البقرہ: 220 ) کا شان نزول یہ ہے کہ جب آیت ( ولا تقربوا مال اليتيم ) الخ ( انعال: 152 ) نازل ہوئی تو لوگوں نے خوف کے مارے یتیموں کا کھانا پینا سب بالکل الگ کردیا پس جو کچھ بچ جاتا تو خراب ہوجاتا‘ یہ امر بہت مشکل ہواتو انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں اس مشکل کا ذکر کیا ۔ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی اور بتلایا گیا کہ ان کو اپنے ساتھ ہی کھلاؤ پلاؤ‘ ان کے مال کی حفاظت کرو‘ اگر تمہاری نیت درست ہوگی تو اللہ خوب جانتا ہے۔ ( و اللہ یعلم المفسد من المصلح ) ( بقرہ: 220 )

|